کراچی:وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہاکہ کراچی کے علاقے صدر میں کلینک پر فائرنگ کرنے والے دہشتگرد کو گرفتار کر لیا گیا ہے، دہشتگرد کا تعلق کالعدم سندھ ریولیشنری آرمی سے ہے ، دہشتگرد کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے گرفتار کیاگیا ۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہاکہ گزشتہ دنوں کراچی میں کلینک میں فائرنگ ہوئی تھی، کلینک پر فائرنگ سے چینی باشندہ ہلاک اور2زخمی ہوئے تھے،کراچی پولیس اور خفیہ اداروں کی کوششوں سے ملزم کو گرفتارکرلیا گیا۔
وزیر اطلاعات سندھ نے کہاکہ سی سی ٹی وی فوٹیج سے لوگوں کی نقل و حرکت کا جائزہ لیاگیا ،100سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے دہشت گرد کوگرفتارکیا گیا ،گرفتار دہشتگرد سے واردات میں استعمال کیاگیا موٹرسائیکل بھی برآمد کر لیا گیا۔
ان کاکہناتھا کہ گرفتار دہشت گرد ساتھیوں سے رابطے میں تھا،گرفتار دہشت گردکے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے اہلکار سرگرم ہیں،شرجیل میمن نے کہاکہ سی ٹی ڈی،حساس ادارے اور پولیس کی کوششیں قابل تعریف ہیں،ان کاکہناتھا کہ دہشت گرد وں کا مقصد پاکستان میں ترقی کو روکنا اور امن کو نقصان پہنچانا ہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہاکہ چند روز قبل پولیس مقابلے میں داعش کے دہشت گرد مارے گئے ،کراچی میں دہشت گردوں کے خلاف سندھ پولیس ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر نہیں بیٹھی ،دہشت گردوں کے آلہ کاربننے والوں سے کہتاہوںہم ملک دشمن سرگرمی سے غافل نہیں۔