ضمنی انتخابات۔کارکن ایک دوسرے کے آمنے سامنے

کراچی:قومی اسمبلی کی 8 اور پنجاب اسمبلی کی 3 نشستوں پرپولنگ کا عمل جاری ہے،مختلف شہروں میں پولنگ اسٹیشنز کے باہرکارکن ایک دوسرے کے آمنے سامنے آگئے، کہیں کہیں پولیس کیساتھ بھی جھگڑے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔

پشاورمیں میونسپل گرلزانٹرکالج کے پولنگ اسٹیشن میں تحریک انصاف کےایم پی اے اوراے این پی کےکارکنوں میں تلخ کلامی ہو گئی، پولنگ اسٹیشن میں تحریک انصاف کے ایم پی اے آصف خان کی آمد پرعوامی نیشنل پارٹی کے کارکن مشتعل ہو گئے۔

کارکنوں نے ایم پی اے کے خلاف نعرےلگائے، اس دوران ایم پی اے اور اے این پی کے کارکنوں کے مابین تلخ کلامی ہوئی ،پولیس نے دونوں پارٹیوں کے سپورٹرزکو باہر نکال دیا۔کارکنوں کے درمیان تلخ کلامی کے بعد پولنگ کا عمل وقتی طور پر تعطل شکار رہا تاہم پولیس کی مداخلت کے بعد پولنگ دوبارہ شروع کردی گئی۔

ادھر فیصل آباد کے حلقہ این اے 108 میں الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہو رہی ہے، ضمنی الیکشن کے دوران موبائل فون کا پولنگ بوتھ پر استعمال ہو رہا ہے، ووٹر کی جانب سے اپنے من پسند امیدوار کو ووٹ کاسٹ کرنے کی تصاویر وائرل ہو رہی ہیں، شہری نے بیلٹ پیپر پر نشان لگا کر تصویر بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کر دی۔