کراچی:شہر قائد کے 7 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات ایک دفعہ پھر ملتوی کر دیے۔الیکشن کمیشن کے مطابق نئی تاریخ کا اعلان15روز بعد کیا جائے گا۔
کراچی میں 23 اکتوبرکو ہونے والے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ الیکشن کمیشن کے اجلاس میں کیا گیا جو چیف الیکشن کمشنر کی زیرصدارت ہوا۔
الیکشن کمیشن نے کہا کہ کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اجلاس 15 روز بعد پھر کیا جائے گا۔ جس میں صورتحال کا جائزہ لیں گے۔ وفاقی حکومت کے خط کے بعد سندھ بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ ملتوی کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ کو کراچی بلدیاتی انتخابات کے لیے سیکیورٹی اہلکاروں کی دستیابی میں مشکلات کا سامنا ہے اور وفاقی حکومت کی جانب سے سندھ حکومت کے مؤقف کی تائید کیے جانے کا امکان ہے۔
الیکشن ملتوی کرنے کی صورت میں الیکشن کمیشن سندھ حکومت کو صورتحال سے آگاہ رکھنے کی ہدایت کرے گا جبکہ کراچی میں بلدیاتی الیکشن وزارت داخلہ کی 16 ہزار سیکیورٹی اہلکاروں کی دستیابی کی یقین دہانی سے مشروط ہے۔
واضح رہے کہ کراچی کے 7 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات 23 اکتوبر کو شیڈول ہیں۔