واشنگٹن(امت نیوز)وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ امریکا کو بھی بتا دیا، پاکستان روس سے تیل خریدے گا، امریکا کو کوئی اعتراض نہیں، بھارت جس قیمت پر روس سے تیل خریدتا ہے، پاکستان اس سے کم یا اسی قیمت پر روس سے تیل خریدے گا۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار صحافیوں سے بات چیت اور چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس کانفرس سے خطاب کے دوران کیا۔
وزیرخزانہ نے بتایا کہ انہوں نے واشنگٹن میں 4 دن میں بین الاقوامی مالیاتی اداروں، امریکہ، سعودی عرب اور دیگر ممالک کے سربراہوں کے ساتھ 58 ملاقاتیں کیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سیلاب سے پیدا ہونے والے مسائل کا سامنا کر رہا ہے، اس لیے مغرب کو روس سے رعایتی قیمت پر ایندھن درآمد کرنے پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔
روس سے اگر انڈیا تیل لے سکتا ہے تو ہمارا بھی حق بنتا ہے۔ پاکستان جو سیلاب سے بہت زیادہ متاثر ہوا ہے، روس سے گندم خریدنے کا بھی ارادہ رکھتا ہے۔
چین سے بھی قرضے ری شیڈول کرنے کے بارے میں بات کریں گے، یقین ہے کہ قرضوں کی ری شیڈولنگ ضرور ہوجائے گی۔
ادھر ماسکو میں پاکستان کے سفیر شفقت علی خان نے روسی نیوز ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم روس سے گندم حاصل کرنا چاہتے ہیں اور اس سلسلے میں روس کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں۔