لاہور(اُمت نیوز)لاہور میں عاصمہ جہانگیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ سیلاب سے شدید مشکلات کا سامنا ہے، امید ہے دنیا آئی ایم ایف کے ذریعے ہم پر عائد پابندیاں نرم کرائے گی اور چالیس فیصد ترقیاتی فنڈ جلد خرچ کرنے کی اجازت ملے گی۔
احسن اقبال نے کہا کہ کسانوں کو نو ارب روپے کا سستا بیج دے رہے ہیں تاکہ گندم کی بوائی ہو سکے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ہم موسمیاتی تبدیلیوں کا شکار ہوئے ہیں، ہم چیریٹی نہیں دنیا کا مالی ساتھ چاہتے ہیں تاکہ سیلابی زدہ علاقوں میں بحالی کا کام تیز تر ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ کم وسائل کے باوجود اداروں کے ساتھ مل کر بلوچستان اور سندھ میں انسانی جانیں بچائیں اور بحالی کو ممکن بنایا، پاک فوج نے ہمارا بھر پور ساتھ دیا اس کے شکر گزار ہیں۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیلاب سے 32 ارب ڈالر کا نقصان ہوا، نومبر میں ڈونرز کانفرنس میں یقیناً دنیا مدد کرے گی۔