انقرہ(امت نیوز) آج کل ترکی کے تیارکردہ بائراکتار ڈرونز کی دنیا بھر میں دھوم مچی ہوئی ہے۔ اس کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ ان ڈرون طیاروں نے آرمینیا۔آذربائیجان جنگ اور پھر اس کے بعد روس۔یوکرین جنگ میں اپنی افادیت کو ثابت کیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ترکی کو بہت سے ملکوں کی جانب سے ان ڈرون طیاروں کےدھڑادھڑ آرڈرز مل رہے ہیں۔ پاکستان بھی بائراکتار ڈرونز حاصل کرچکا ہے۔
یہ ڈرون طیارے بنانے والے ترک ادارے ’’بائراکتار مشین‘‘ کی جانب سے ترک، آذربائیجانی اور پاکستانی ٹرینیز کو بائراکتار آکنجی آپریٹر کی تربیت دی گئی اور یہ عملہ اب فارغ التحصیل ہوچکا ہے۔
آکنجی ڈرونز کے چھٹے تربیتی مرحلے میں ترکیہ، آذربائیجان اور پاکستان کی سیکورٹی فورسز سے تعلق رکھنے والے 110 ٹرینیز کامیابی کے ساتھ اٹیک ڈرونز استعمال کرنے کی تربیت مکمل کرچکے ہیں، یہ ٹرینیز اب ڈرون طیاروں کے گراؤنڈ بیسڈ پائلٹ، پے لوڈ آپریٹر، مکینک/انجن ٹیکنیشن، الیکٹرانک/گراؤنڈ کنٹرول اسٹیشن آپریٹر اور ہتھیاروں کے آپریٹر کے طور پر کام کریں گے۔
بائراکتار فرم کے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین اور ٹیکنالوجی لیڈر سلچوق بائراکتار نے تیکر داع کے ضلع چورلو کے تربیتی مرکز میں منعقدہ پاسنگ آؤٹ تقریب میں تین ممالک کے قریبی روابط اور بھائی چارے پر توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ ہم جو بھی فرائض ادا کرتے ہیں، ان میں انصاف اور صراط مستقیم کو بالائی مقام پر رکھا جانا اہم ہے۔
اس موقع پر آذربائیجان کے سفیر رشاد میمدوف نے تربیتی کورس میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے آذربائیجانی ٹرینیز کو اسناد اور تحائف بھی دیئے۔