سندھ(اُمت نیوز) سندھ پولیس کے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے نوشہرو فیروز میں کارروائی کر کے کالعدم دہشت گرد تنظیم کے رکن کو گرفتار کر لیا جس کے قبضہ سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔
ترجمان سی ٹی ڈی سکھر کے مطابق شہید بےنظیرآباد سی ٹی ڈی کے عملے نے خفیہ اطلاع پر نوشہرو فیروز میں لنک روڈ پر کارروائی کر کے ملزم غفار ڈومکی ولد مراد ڈومکی کو گرفتار کرلیا، جس کے قبضے سے ایک پستول برآمد ہوا۔
سی ٹی ڈی اعلامیہ کے مطابق گرفتار ملزم سکھر میں سی ٹی ڈی کو مطلوب تھا۔
ترجمان کے مطابق ملزم نے اعتراف کیا کہ وہ کالعدم تنظیم بی ایل اے سے تعلق رکھتا ہے۔
مبینہ طور پر ملزم اپنے ساتھی عزیز ڈومکی اور مٹھا خان ڈومکی کے ساتھ مل کر ماضی میں ملک دشمن دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث رہا۔
ترجمان کے مطابق دونوں ملزمان سینٹرل جیل خیرپور میں قید ہیں۔
ترجمان کے مطابق ملزم کالعدم تنظیم کے لیے اسلحہ کی ترسیل کے کام پر مامور تھا، پولیس معاملے کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔