افغانستان اور ایران سے درآمد کے باوجود پیاز۔ ٹماٹر مہنگے

کراچی(امت نیوز) ایران اور افغانستان سمیت کئی ملکوں سے ٹماٹر اور پیاز کی درآمد کے باوجود مقامی مارکیٹ میں ان کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی نہ آسکی۔
شہرقائد میں پیاز بدستور 150 روپے جبکہ ٹماٹر 180 سے 240 روپے کلو تک فروخت ہورہے ہیں۔
ترسیل کے راستے بحال ہوجانے کے باوجود دیگر سبزیوں کے نرخ بھی آسمان سے باتیں کررہے ہیں۔
شہر کے مختلف علاقوں میں مقامی ٹماٹر 200 سے 240 روپے کلو جبکہ ایرانی ٹماٹر 160 سے 180 روپے کلو فروخت ہورہا ہے۔
درآمد کنندگان کے مطابق ایرانی پیاز اور ٹماٹر سبزی منڈی کی سطح پر 60 سے 80 روپے کلو فروخت ہورہے ہیں، تاہم شہر میں پرائس کنٹرول کا کوئی نظام نہ ہونے کی وجہ سے گراں فروشی کا بازار گرم ہے اور عوام گراں فروشوں کے ہاتھوں یرغمال ہیں۔
شہر میں پالک 140 سے 160 روپے کلو، بھنڈی 350 روپے کلو، مٹر 400 روپے کلو، گوبھی 160 سے 180 روپے کلو، ٹینڈے توری 180 سے 200 روپے کلو، بینگن اور لوکی 150 روپے کلو، گاجر 200 روپے کلو، شملہ مرچ 300 روپے کلو فروخت کی جارہی ہے۔