کراچی سرکلر ریلوے کیلئے 292 ارب کی منظوری

کراچی(اُمت نیوز)وفاقی وزارت منصوبہ بندی نے کراچی سرکلر ریلوے کے لیے 292 ارب روپے سے زائد کی منظوری دے دی ہے، منصوبہ 4 سال میں مکمل ہوگا۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت اجلاس میں سی ڈی ڈبلیو پی (سینٹرل ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی) نے 292 ارب 38 کروڑ روپے کے کراچی سرکلر ریلوے منصوبے کی منظوری دی ہے۔
اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق 43 کلومیٹر کے ڈوئل ٹریک اربن ریل ماس ٹرانزٹ سسٹم کی تعمیر 4 سال کی مدت میں متوقع ہے۔
جدید اربن ریلوے کے طور پر ترقی سے پبلک ٹرانسپورٹ سہولتوں میں اضافہ ہوگا، توقع ہے کہ منصوبے سے یومیہ 4 لاکھ57 ہزار مسافر مستفید ہوں گے۔
اعلامیہ کے مطابق مسافروں کی یہ تعداد مستقبل میں 10 لاکھ یومیہ تک پہنچنے کی توقع ہے۔
منصوبے کے تحت الیکٹرک ٹرینیں پورا ہفتہ اور دن میں 17 گھنٹے چلیں گی، شہر کے گنجان علاقے میں کوریڈور کے ساتھ ساتھ 30 اسٹیشن بنائےجائیں گے۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ منصوبے کا مقصد کراچی کو محفوظ اور ماحول دوست پبلک ٹرانسپورٹ فراہم کرنا ہے۔