کوئٹہ (اُمت نیوز)کوئٹہ میں اینٹی کرپشن کے عملے نے رشوت لیتے ہوئے بریوری تھانے کے ہیڈ کانسٹیبل اور ایک ایجنٹ کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے دو لاکھ کی نقدی قبضے میں لے لی۔
محکمہ اینٹی کرپشن کے حکام کے مطابق مسلم باغ کے رہائشی شہری محمد طاہر نے ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کو درخواست دی کہ میرا بھائی علاج کیلئے بی ایم سی اسپتال آیا تھا جس کو بریوری تھانے کے اہلکاروں نے اٹھا لیا ہے اور رہائی کیلئے دو لاکھ روپے طلب کئے جا رہے ہیں۔
ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کامران بشیر کی سربراہی میں ٹیم نے جوڈیشل مجسٹریٹ کے ہمراہ اسپنی روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے بریوری تھانے کے ہیڈ کانسٹیبل ناصرخان اور اس کے ایک سہولت کار امیر جان کو دو لاکھ کی نقدی وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔
محکمہ اینٹی کرپشن حکام نے بتایا کہ رشوت ستانی کے اس کیس میں مزید اہلکاروں کی گرفتاری بھی متوقع ہے۔