اسلام آباد(اُمت نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اداروں کے خلاف بات کرنے پر بھارتی میڈیا میں مقبول ہوگئے ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے چیئرمین عمران خان کی قیادت میں اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ لاہور کے لبرٹی چوک سے شروع کردیا ہے۔
اداروں کے خلاف بات کرنے پر عمران خان بھارتی میڈیا میں مقبول ہوگئے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما فیاض الحسن چوہان کو بھارتی چینل کے اینکرپرسن نے کہا کہ بھارت کو عمران خان کا ایجنڈا معلوم ہے، عمران خان آئی ایس آئی کو ایکسپوز کرنا چاہتے ہیں اور اسی لیے وہ بھارت میں مقبول ہیں۔
رہنما پی ٹی آئی فیاض چوہان سے خاتون بھارتی اینکر نے کہا آپ کی پارٹی نے اپنے ریاستی ادارے کو کٹہرے میں کھڑا کرکے بھارت کا کام آسان کردیا ، آپ کا شکریہ، ایسا کرنے سے عمران خان بھارت کے سب سے پیارے ہوگئے۔
فیاض الحسن چوہان کہتے رہ گئے کہ بات کو متنازع بنانا آپ کی خواہش ہوگی۔
ایک اور ٹی وی چینل پر تجزیہ پیش کیا گیا کہ اگر عمران خان 10 سال کیلئے پاکستان کے وزیر اعظم بن جائيں تو بھارت کا کام آسان ہوجائے۔
ایک اور بھارتی چینل نے خبر چلائی کہ تحریک انصاف اور پاک فوج آمنے سامنے آگئے ، اعظم سواتی کی پریس کانفرنس پر بھارتی میڈيا نے لکھا کہ ’تحریک انصاف کے رہنما نے پاک آرمی پر الزامات کی بوچھاڑ کردی‘، عمران خان کی تحریک انصاف پاک فوج پر برس پڑی۔
بھارتی ٹی وی کا فیاض الحسن کا کلپ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔