اسلام آباد(اُمت نیوز)وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے پی ٹی آئی کے چیئر مین عمران خان کو غیر مشروط طور پر پی ڈی ایم قیادت سے بیٹھ کر بات کرنے کی پیشکش کر دی ہے۔
سوشل میڈیا پر سامعین کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ عمران نیازی اپنا رویہ سیاستدانوں والا رکھے تو پھر بات ہو سکتی ہے،وہ غیرمشروط طور پر پی ڈی ایم قیادت سے رابطہ کریں اور بیٹھ کر بات کریں۔
وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ الیکشن موجودہ اسمبلی کی آئینی مدت پوری ہونے پر ہوں گےجبکہ عمران خان کے لانگ مارچ میں 10 سے 12 ہزار کے قریب لوگ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے لانگ مارچ کا جائزہ لینے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے، عمران نیازی پر امن احتجاج کرنا چاہیں تو پھر ہمیں حق حاصل نہیں کہ اسے روکیں، اگر یہ اسلام آباد کا محاصرہ کریں گے تو بھرپور طاقت سے روکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان عجیب آدمی ہے جو نہ سیاست کو سمجھتا ہے نہ جمہوریت کو، وہ اپنا رویہ تبدیل کرے اور سیاسی جماعتوں کے ساتھ آکر بیٹھے، ملک سیلاب کی تباہی سے دوچار ہے، معاشی بدحالی ہے، اس پر بات کرے۔
اس کے علاوہ وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ بہت سے لوگ بجلی کے بلوں پر بھی ناراض ہیں،جب تک ہم عوام کو ریلیف نہیں دیں گے اسی صورتحال کا سامنا رہے گا،ہم چاہتے تھے الیکشن میں جائیں،دوسری سیاسی جماعتوں کی جمہوری رائے کےساتھ جانا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ ادارے کے کسی عمل پر اختلاف تو کیا جا سکتا ہے لیکن حملہ نہیں کیا جاسکتا، کل ادارے کی طرف سے قوم کو گواہ بنا کر کہا گیا آئینی کردار ادا کریں گے۔