چیئرمین پی ٹی آئی ایک دن بھی وقت پر نہ آئے- بغیر پلاننگ عجلت میں شروع کیا جانے والا لانگ مارچ ڈیڈ فلاپ شو بن گیا-فائل فوٹو 
 چیئرمین پی ٹی آئی ایک دن بھی وقت پر نہ آئے- بغیر پلاننگ عجلت میں شروع کیا جانے والا لانگ مارچ ڈیڈ فلاپ شو بن گیا-فائل فوٹو 

لبرٹی چوک سے شروع ہونے والا لانگ مارچ داتا دربار پہنچ گیا

لاہور(اُمت نیوز)’’حقیقی آزادی مارچ‘‘ کے نام سے عمران خان کی قیادت میں لبرٹی چوک سے شروع ہونے والا مارچ پہلے دن کے اختتام پر رات گئے داتا دربار پہنچا۔
لانگ مارچ کے آغاز پر اپنے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ لانگ مارچ کسی سیاست یا ذاتی مقصد کیلئے نہیں ہے، میرا ایک ہی مقصد ہے ملک کو حقیقی آزادی دلواؤں، چاہتا ہوں کہ لندن یا کسی دوسرے ملک میں، ملک کے فیصلے نہ ہوں، ہم چاہتے ہیں ادارے مضبوط ہوں، ہماری تنقید تعمیری ہے۔
پی ٹی آئی لانگ مارچ کا اگلا پڑاؤ کلمہ چوک کے راستے اچھرہ پر ہوا جہاں اپنے خطاب میں عمران خان نے کہا یہ اس ملک کی سب سے بڑی آزادی کی تحریک ہے، ہم ملک میں قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں جنگل کا قانون نہیں۔
اچھرہ سے لانگ مارچ مزنگ چونگی چوک پہنچا، جہاں لگائے گئے استقبالیہ کیمپ میں موجود کارکنوں نے مارچ کے شرکا کا استقبال کیا۔
مزنگ چونگی چوک سے لانگ مارچ ایم اے او کالج چوک پہنچا جہاں عمران خان کا کہنا تھا ہم اندرونی یا بیرونی کسی کی غلامی کرنے کیلئے تیار نہیں، ارشد شریف کو جس طرح دھمکیاں دی گئیں، اسے ملک سے باہر جانا پڑا۔
ایم اے او کالج چوک سے لانگ مارچ پی ایم جی چوک پہنچا جہاں لاہور بار کے وکلا کی جانب سے لگائے گئے استقبالیہ کیمپ میں شریک وکلا نے مارچ کے شرکا کا استقبال کیا اس موقع پر آتشبازی بھی کی گئی، وہاں اپنے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے نظر آ رہا ہے امپورٹڈ حکومت اور ان کے سہولت کارعوام سے ڈر جائیں گے، ہمارا یہ سفر حقیقی آزادی ملنے تک چلے گا۔
پی ایم جی چوک سے لانگ مارچ داتا دربار پہنچا جہاں عمران خان نے لانگ مارچ کے پہلے روز کے اختتام کا اعلان کیا، لانگ مارچ کے شرکا آج شاہدرہ سے گوجرانوالہ کیلئے روانہ ہوں گے۔