لاہور(اُمت نیوز)وزیراعظم شہبازشریف نے انکشاف کیا ہے کہ عمران خان نے ایک ماہ پہلے مشترکہ کارروباری دوست کے ذریعے رابطہ کیا ہے۔
وزیراعظم نے لاہور میں وی لاگرز سے ملاقات میں کی اور گفتگو میں بتایا کہ عمران خان نے مذاکرات کی پیشکش کی اور وہ دو معاملات کو بات چیت کے ذریعے طے کرنا چاہتے تھے۔
ان کا کہنا تھاکہ پہلا معاملہ آرمی چیف کی تقرری کا اور دوسرا انتخابات کا تھا لیکن میں نے انکار کیا تاہم میثاق جمہوریت اور میثاق معیشت پر بات کرنے کی پیشکش کی۔
وزیراعظم کا کہنا تھاکہ عمران خان نے کہا تین نام میں بھجواتا ہوں اور تین آپ دیں، مل کر آرمی چیف لگا لیتے ہیں، میں نے شکریہ کہہ کر انکار کردیا اور پیغام بھجوایا کہ یہ ایک آئینی فریضہ ہے جو وزیراعظم نے ادا کرنا ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم نے مجھ سے اجازت لے کرپریس کانفرنس کی۔