پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی مشکل ہے مگر ناممکن نہیں؟

پرتھ(اُمت نیوز)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی20 ورلڈکپ 2022 میں جنوبی افریقہ سے بھارت کی شکست کے باوجود کیا ٹیم پاکستان کے ایونٹ کے سیمی فائنل تک رسائی کے امکانات ہیں؟
ٹی20 ورلڈکپ کے گروپ 2 میں آج کے تین میچز کے اختتام کے بعد بھی پاکستان کے لیے اگر مگر کی صورتحال برقرار ہے۔
پرتھ میں بھارت کے خلاف جنوبی افریقہ کی جیت کے بعد سیمی فائنل تک رسائی کی صورتحال مشکل ہے مگر ناممکن نہیں۔
پاکستان کے گروپ کی تمام ٹیموں نے اپنے تین، تین میچز کھیل لیے ہیں، جنوبی افریقہ 5 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر ہے جبکہ بھارت اور بنگلادیش 4، 4 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔
پوائنٹس ٹیبل پر زمبابوے کی ٹیم 3 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے اور پاکستان 2 پوائنٹس لے کر پانچویں نمبر پر براجمان ہے جبکہ گروپ کی واحد نیدرلینڈ کی ٹیم کے آگے جانے کے امکانات ختم ہوگئے ہیں۔
پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی کا انحصار گروپ میں مزید اپ سیٹ نتائج پر ہے، یعنی ایک طرف پاکستان کو اپنے باقی دونوں میچز لازمی جیتنا ہوں گے، دوسری طرف بھارت اور جنوبی افریقہ کی دیگر ٹیموں سے شکست بھی ضروری ہے۔
ایونٹ میں بنگلادیش یا زمبابوے میں سے کسی ایک ٹیم کی بھارت کے خلاف جیت بھی پاکستان کے لیے ایونٹ میں آگے بڑھنے کا دروازہ کھول سکتی ہے۔
ٹی 20 ورلڈکپ میں بھارت نے اب بنگلادیش اور زمبابوے کے خلاف اپنے آخری دو میچز کھیلنے ہیں، اگر اسے ایک میں بھی اپ سیٹ شکست ہوتی ہے تو اُس کے کل 6 پوائنٹس ہوں گے۔
اسی طرح پاکستان کے باقی دونوں میچز میں فتح کی صورت میں 6 پوائنٹس ہوجائیں گے۔
ایسے میں جنوبی افریقہ نیدرلینڈ کو شکست دے تو پاکستان اور بھارت کے پوائنٹس ٹائی ہوجائیں گے اور سیمی فائنلسٹ کا فیصلہ نیٹ رن ریٹ پر ہوگا۔