کرم ،حلقہ NA45 میں ضمنی الیکشن، عمران خان کامیاب

خیبر پختونخوا (اُمت نیوز)خیبر پختونخوا کے ضلع کرم کے حلقہ این اے 45 میں ضمنی الیکشن کے غیر سرکاری غیر حتمی نتیجے کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کامیاب ہوگئے ہیں، جبکہ جے یو آئی کے جمیل خان دوسرے نمبر پر آئے ہیں۔
این اے 45 کرم ضمنی انتخاب کے تمام 143 پولنگ اسٹیشن کا غیر سرکاری غیر حتمی نتیجہ نتیجہ سامنے آگیاہے۔جس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے عمران خان 20 ہزار 748 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے ہیں۔غیر حتمی غیر سرکاری نتیجے کے مطابق جمعیت علما اسلام کے جمیل خان نے 12718 ووٹ حاصل کیے ہیں۔
حلقے میں پولنگ کا عمل صبح 9 بجے سے شام پانچ بجے تک جاری رہا۔
اس حلقے پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور پی ڈی ایم کے امید وار جمیل خان سمیت 16 امیدوار میدان میں ہیں۔ضلع کرم کے حلقہ این اے 45 کی نشست پی ٹی آئی کے ایم این اے ملک فخر زمان کے مستعفی ہونے سے خالی ہوئی تھی۔
ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر عبد الرؤف خان کے مطابق اس حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 1 لاکھ 98 ہزار 618 ہے۔حلقے کے 143 پولنگ اسٹیشنز میں سے 24 انتہائی حساس اور 119 کو حساس قرار دیا گیا۔
گزشتہ روز ضمنی الیکشن کے سلسلے میں انتخابی مٹیریل کی ترسیل کی گئی تھی۔