لاہور(اُمت نیوز)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کا کہنا ہےکہ نواز شریف کرپٹ ہے، زرداری چور ہے، یہ تو اسٹیبلشمنٹ نے مجھے بتایا ہے۔
آزادی مارچ کے تیسرے روز مریدکے میں شرکا سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے اپنا 26 سال کا بیانیہ اسٹیبلشمنٹ کے کندھوں پر ڈال دیا،کہا اسٹیبلشمنٹ نے نواز شریف کے خلاف کیس بنوائے، اسٹیبلشمنٹ کی جے آئی ٹی نے ثابت کیا کہ نواز شریف کرپٹ تھے اور اب اسٹیبلشمنٹ نے چوروں کا ساتھ دینے کا فیصلہ کرلیا، اگر اسٹیبلشمنٹ چوروں کے ساتھ کھڑی ہے تو عوام اس کے ساتھ نہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہبھارت میں خوشیاں منائی جا رہی ہیں کہ عمران خان کا ادارے سے تصادم ہوگیا، ایسی کوئی بات نہیں، فوج بھی ہماری ہے، ملک بھی ہمارا ہے، جب فوج پر تنقید کرتا ہوں تو وہ تعمیری تنقید ہوتی ہے، ہم اپنی فوج کے ساتھ کھڑے ہیں، بھارت غلط فہمی میں نہ رہے، میں صرف قانون کی حکمرانی چاہتا ہوں، عوام کے حقوق کی حفاظت کی جائے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ شہباز شریف، آپ نے ایک بیان دیا کہ میں نے آپ کو پیغام بھجوایا، شہباز شریف سن لو، بوٹ پالش کرنے والوں سے بات نہیں کرتا، میں نے ان سے بات کی جن سے ملنےکے لیے شہباز شریف گاڑی کی ڈگی میں جاتے تھے، شہباز شریف تمہارے پاس کیوں پیغام بھجواؤں گا؟ تمہارے پاس بات کرنےکے لیے ہےکیا؟
ان کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف نے ان دونوں جماعتوں کو ہٹایا تو لوگوں نے مٹھائیاں بانٹیں، مشرف نے ان دونوں جماعتوں کو این آر او دیا تو ملک کو نقصان پہنچا۔