اسلام آباد(اُمت نیوز)مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی علی گوہر بلوچ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی ضمنی الیکشن میں کامیابی کا نوٹیفکیشن رکوانے کےلیے الیکشن کمیشن پہنچ گئے۔
ن لیگی ایم این اے توشہ خانہ ریفرنس کے درخواست گزار بھی ہیں، انہوں نے الیکشن کمیشن میں عمران خان کی کامیابی کا نوٹس جاری کرنے سے متعلق درخواست جمع کرائی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ ریفرنس فیصلہ میں کہا کہ عمران خان کرپٹ پریکٹس کے مرتکب ہوئے ہیں۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ الیکشن کمیشن نے عمران خان کے خلاف سیشن عدالت میں شکایت دائر کرنے کا کہا، نااہل عمران خان نے ضمنی انتخابات میں حصہ لیا۔
ن لیگی ایم این اے نے مزید کہا کہ ضمنی الیکشن لڑنے کے بعد عمران خان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن تاحال جاری نہیں ہوا ہے۔
علی گوہر بلوچ نے یہ بھی کہا کہ عمران خان اسمبلی سے نااہل ہوئے، غلط بیانی کرنے اور غلط ڈکلیریشن جمع کرانے کے مرتکب پائے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ممبر اسمبلی بننے کے اہل نہیں، انہیں نااہل قرار دیا گیا ہے، اس لیے اُن کی کامیابی کا نوٹیفیکشن جاری نہ کیا جائے۔