لاہور(اُمت نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے حملہ آورکا ویڈیوبیان لیک کرنےکا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ تھانےکے ایس ایچ او سمیت سارے عملےکو معطل کر دیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس ہوا جس میں لانگ مارچ میں فائرنگ کے واقعےکا جائزہ لیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پرویز الہٰی نے فائرنگ کرنے والےملزم کا ویڈیوبیان لیک کرنےکاسخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ تھانےکے ایس ایچ او سمیت سارے عملےکو معطل کر دیا، وزیراعلیٰ نے آئی جی کو غیر ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف تادیبی کارروائی کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہےکہ تھانےکے تمام عملےکے موبائل قبضے میں لے لیےگئے، موبائل فونز کا فارنزک آڈٹ کرایا جائےگا۔
علاوہ ازیں ایک بیان میں پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ اللہ کےفضل وکرم سےعمران خان بالکل ٹھیک ہیں، عمران خان نےکہا ہےکہ وہ اپنے مشن سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، میں نے آرڈر کیے ہیں کہ واقعےکے محرکات معلوم کیے جائیں، یہ بھی دیکھا جائےکہ ملزم کے پیچھےکون ہیں، جوباتیں معلوم ہوں گی وہ میڈیا تک لائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے ذمہ داروں کو کیفرکردار تک پہنچائیں گے، کس سوچ کےتحت اس لڑکےکو تیار کیا گیا اور اسےکتنے پیسے دیےگئے اور یہ بھی پتا چلنا چاہیےکہ لڑکےکا کس کس سے رابطہ تھا۔