ورلڈکپ میں شکست ،محمد نبی نے کپتانی چھوڑنے کا اعلان کردیا

آسٹریلیا(اُمت نیوز)آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کے بعد افغانستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد نبی نے ٹیم کی کپتانی چھوڑنے کا اعلان کردیا ہے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں آج آسٹریلیا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کو 4 رنز سے شکست دی جس کے ساتھ ہی افغانستان کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا سفر ختم ہوا۔
گروپ ون میں شامل افغانستان رواں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں ایک بھی میچ جیتنے میں ناکام رہا، 3 میچز میں شکست ہوئی جبکہ 2 میچز بارش کی نذر ہوگئے۔
ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے محمد نبی نے لکھا کہ ہمارا ورلڈکپ کا سفر ختم ہوا، ہم اور ہمارے مداح اس کارکردگی کی امید نہیں کر رہے تھے،ہم بھی ان کی طرح مایوس ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال سے ہماری ایسی تیاری نہیں تھی جو بڑے ٹورنامنٹ کیلئے ایک کپتان کو ضرورت ہوتی ہے،گزشتہ کچھ دوروں کے دوران ہماری ٹیم منیجمنٹ، سیلکشن کمیٹی اورمیں ایک پیج پر نہیں تھےجس کی وجہ سے ٹیم کا بیلنس بنانے میں مشکلات ہوئیں، اس لیے میں فوری طور پر افغان ٹیم کی کپتانی چھوڑنے کا اعلان کررہا ہوں۔