عمران خان حملہ،مدعی کون

عمران خان پرحملہ،مدعی کون ہوگا؟ فیصلہ نہ ہوسکا

لاہور:عمران خان پر وزیر آباد میں فائرنگ کا مقدمہ 36 گھنٹے سے زائد وقت گزرنے کے باوجود درج نہ ہوسکا۔ پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کی جانب سے اندراج مقدمہ کی درخواست پر قانونی مشاورت کا سلسلہ جاری ہے، فائرنگ کے مقدمہ میں وفاقی حکومت سمیت ایک جماعت کے اہم رہنماﺅں کو نامزد کرنے کے حوالے سے غور کیا جا رہا ہے جب کہ مدعی مقدمہ کون ہوگا؟ یہ فیصلہ بھی تاحال نہیں ہوسکا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کے دو علیحدہ علیحدہ مقدمات درج کروانے کے حوالے سے بھی غور کیا جا رہا ہے، ایک مقدمہ قتل ہونے والے کے لواحقین اور دوسرا مقدمہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی مدعیت میں درج کروانے کے حوالے سے غور کیا جا رہا ہے، اندارج مقدمہ کی درخواست تھانے میں موصول ہونے کے فوری بعد مقدمہ درج کیا جائے گا۔

دریں اثنا اس مقدمے کے اندراج میں ایک اور الجھن سامنے آئی ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مقدمہ کہاں اور کون درج کرے گاَ فیصلہ مشکل ہوگیا، ہائی پروفائل کیس میں ہائی آفیسرز کے نام ہونے پر درخواست وصول نہیں کی۔

پولیس ذرائع کے مطابق ایس ایچ او عامرنے بار بار ڈی پی او گجرات سے مشورہ کیا مگر نہ میں جواب ملا، قوی امکان ہے کہ مقدمہ سی ٹی ڈی ریاست کی مدعیت میں درج کرے گی، اگر سی ٹی ڈی نے درج نہ کیا تو پولیس عمران خان کی مدعیت میں مقدمہ درج درخواست چیک کرکے کرے گی۔