اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف مصر کا دورہ مکمل کرکے لندن روانہ ہوگئے ہیں۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی لندن میں اپنے بھائی اور ن لیگ کے قائد میاں محمد نواز شریف سے ملاقات ہوگی ، ملاقات میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔
ذرائع کے مطابق شہباز شریف عمران خان کے لانگ مارچ اور دیگر ملکی سیاسی و معاشی صورتحال پر نواز شریف سے مشاورت کریں گے۔وزیراعظم ن لیگی قائد کو ملک میں جاری سیاسی صورتحال سے تفصیلی طور پر آگاہ کریں گے، اجلاس میں مریم نواز بھی شرکت کریں گی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم میاں شہباز شریف کا لندن میں دو روز تک قیام متوقع ہے جس کے بعد وہ پاکستان روانہ ہوں گے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے دورہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نجی دورے پر لندن روانہ ہوئے ہیں۔قبل ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف کوشرم الشیخ کے بین الاقوامی ہوائی اڈہ پر اعلیٰ مصری حکام اور پاکستانی سفارت خانے کے افسران نے رخصت کیا۔