حکومت قبل ازوقت انتخابات کا اعلان نہیں کرتی تو اسلام آباد کی جانب بڑھا جائے۔فائل فوٹو
حکومت قبل ازوقت انتخابات کا اعلان نہیں کرتی تو اسلام آباد کی جانب بڑھا جائے۔فائل فوٹو

راولپنڈی میں پی ٹی آئی کا دھرنا تیسرے روز میں داخل،راستےبند

اسلام آباد:راولپنڈی میں پاکستان تحریکِ انصاف کا احتجاج پیرودھائی موڑ پرآج تیسرے روز بھی جاری ہے۔کارکنوں نے کئی راستے بند کرکے عوام کو پریشان کر رکھا ہے،

پشاور روڈ سے آئی جے پی روڈ کی جانب راستہ تاحال مکمل طورپربند ہے۔پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے پیر ودھائی اڈے پر ٹینٹ لگانے سے تجارتی اور سفری سرگرمیاں شدید متاثر ہوئی ہیں۔

مختلف مقامات پر جاری مظاہروں کی وجہ سے مری روڈ، پیرودھائی موڑ، گلزار قائد اولڈ ائرپورٹ روڈ ،سرائے کال چوک ٹیکسلا ،رتہ شاہ چوک مارگلہ، موٹر وے ایم ٹو، اسلام آباد لاہور ٹول پلازہ کے قریب سے بند کیے گئے ہیں۔

مظاہرین نے سواں پل ایس او ایس ویلج کے قریب بھی راولپنڈی کی جانب والے راستے کو بند کر رکھا ہے جب کہ ٹریفک کو سڑک کے ایک جانب سے گزارا جا رہا ہے، سڑکیں اور راستے بند ہونے کے باعث مری میں ٹریفک کا نظام آج تیسرے روز بھی شدید متاثر ہے۔

دوسری جانب جی ٹی روڈ سواں پل کے قریب پی ٹی آئی کے دھرنے کے باعث مال بردار گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں، جس سے مسافرگاڑیوں سمیت دیگر ٹریفک بھی جام ہوگیا۔

مری روڈ دونوں اطراف سے ٹریفک کے لیے بند ہے، جس کی وجہ سے مری روڈ سے سفر کرنے والے سروس روڈ اورگلیوں سے سفر کرنے پر مجبور ہیں۔