پی ٹی آئی دھرنا،راولپنڈی کے تمام تعلیمی ادارے جمعرات کو بھی بند ہونگے

راولپنڈی(اُمت نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے دھرنوں کے پیش نظر راولپنڈی کے تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کردیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق وفاق اور پنجاب کے ماتحت تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے راولپنڈی میں جمعرات کو بھی بند رہیں گے۔
ڈی جی فیڈرل گورنمنٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوٹشنزکینٹ گیریژن میجر جنرل محمد اصغر نے اسکول بند کرنے کے احکامات جاری کیے۔ نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ راولپنڈی کی تحصیل کے ایف جی کے تمام تعلیمی ادارے 10 نومبر کو بند رہیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان نے راولپنڈی اور اسلام آباد کی مختلف شاہراہوں پر احتجاجی دھرنا دیا ہوا ہے، جس کے باعث ٹریفک کا نظام شدید متاثر اور شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔
اس سے قبل بھی راولپنڈی کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کو پیر اور منگل کو بند رکھا گیا تھا۔ انتظامیہ کا ماننا ہے کہ بچوں کو راستے بند ہونے کی وجہ سے اسکول پہنچنے میں شدید تکالیف کا سامنا کرنا پڑے گا۔