کراچی:وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی تعیناتی پرغیرضروری سیاست کی جارہی ہے۔ اتحادیوں اوراپوزیشن کو اس معاملے کومتنازع نہیں بنانا چاہیے۔
ڈاؤ ہسپتال میں جگر کی 75 کامیاب پیوندکاریوں کی تکمیل کے موقع پرکینسر سینٹرکا سنگ بنیاد اور او پی ڈی کے چار نئےبلاکس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے سڑکوں پر سیاسی تماشے چل رہے ہیں مجبورا ان کا جواب دینا پڑتا ہے، اس وقت ہمارا نظام نہیں چل رہا۔ ترجیح عوام کی خدمت ہونی چاہیے، آپس میں گولی چلانے،لڑنے کے بجائے الیکشن میں حصہ لیں۔
انہوں نے کہا کہ کورونا اور روس، یوکرین جنگ کے معاشی اثرات ہم بھگت رہے ہیں، سیلاب متاثرین آج بھی مدد کے انتظار میں ہیں، ہمارے لیے سیلاب متاثرین اولین ترجیح ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جگرکاعلاج کرانے کے لیے پہلے ملک سے باہرجانا پڑتا تھا،جوبہت مہنگا پڑتا تھا، کینسرجیسے مرض کے کامیاب علاج کے لیےابتدائی تشخیص بہت اہم ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ڈاؤیونیورسٹی کی ترقی پرفخرکرتے ہیں، کورونا، یوکرین جنگ نے پوری دنیا کومتاثرکیا، پاکستان نے سیلاب جیسی تباہی کا سامنا کیا، سیلاب کی وجہ سے لاکھوں لوگ متاثرہوئے ہیں، ہم نے قوم کی ترجیح سیاسی تماشوں پر گامزن کر رکھی ہے، ہم سب کی اولین ترجیح عوام کی خدمت ہونی چاہیے۔