لاہور: خیبرپختونخوا میں امن دشمنوں کے خلاف لڑتے ہوئے سکیورٹی فورسز کے دو جوان وطن پر قربان ہو گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ کے ہلال خیل کے علاقے میں دہشت گردوں اور سکیورٹی فورسز میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ یہ آپریشن 15 اور 16 نومبر کی درمیانی شب ہوا، فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران ایک دہشت گرد مارا گیا۔ مارے گئے دہشت گرد سے ہتھیار اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، مرنے والے دہشتگرد سیکورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی سرگرمیوں میں سرگرم رہے ہیں۔
بیان کے مطابق امن دشمنوں کے خلاف لڑائی کے دوران دو جوان شہید ہو گئے، شہید ہونے والوں میں 33 سالہ نائیک محمد اور 30 سالہ لانس نائیک امتیاز شامل ہیں، تاج محمد کا تعلق کوہاٹ اور امتیاز خان کا تعلق مالاکنڈ سے ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں پائے جانے والے دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
اس سے قبل خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں پولیس موبائل پر دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں 6 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔
پولیس کے مطابق دہشت گردوں کی فائرنگ کا نشانہ بننے والی پولیس موبائل تھانہ ڈاڈیوالہ میں گشت کر رہی تھی۔