لانگ مارچ کے خلاف درخواست سپریم کورٹ میں سماعت کل ہوگی

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے خلاف درخواست سپریم کورٹ میں سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی۔ پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے خلاف درخواست سینئر وکیل کامران مرتضیٰ نے دائر کی جس کی سماعت کل ہو گی، سپریم کورٹ رجسٹرار آفس نے کامران مرتضی کو نوٹس جاری کر دیا ہے ۔

سماعت کے لیے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ بنایا گیا ہے، بینچ کے دیگر ارکان میں جسٹس عائشہ ملک، جسٹس اطہر من اللہ شامل ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے حقیقی آزادی لانگ مارچ کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں سابق وزیراعظم عمران خان جلسوں سے خطاب کر رہے ہیں اور علی الاعلان کر رہے ہیں ہماری منزل اسلام آباد ہے جہاں پر الیکشن کی تاریخ لیکر ہی واپس آئیں گے، اسی دوران وزیر آباد میں ہونے والے حملے کے دوران عمران خان زخمی ہو گئے۔ اور آج شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک دو روز میں راولپنڈی میں اکٹھے ہونے کی تاریخ دوں گا۔