آزاد کشمیربلدیاتی الیکشن 3 مراحل میں ہوں گے ۔چیف ایکشن کمشنر کا اعلان

آزادجموں وکشمیرکے چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ عبدالرشید سلہریانے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے سیکورٹی فورسزکی صورتحال حال کو مدنظررکھتے ہوئے ڈویژن وائز مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات کروانے کا فیصلہ کیاہے،27نومبر کو مظفرآباد ڈویژن، 03دسمبر کو پونچھ ڈویژن جبکہ8دسمبر کو میرپور ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات ہوں گے۔ موجودہ دستیاب سیکورٹی فورسز کے ساتھ ایک ہی دن میں انتخابات کروانا ممکن نہیں تاہم اگر سیکورٹی فورسز فراہم ہوجاتی ہیں تو پہلے سے جاری شدہ شیڈول کے مطابق ایک ہی دن میں آزادکشمیر بھر میں انتخابات ہوں گے۔

ان خیالات کا اظہار چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ عبدالرشید سلہریا نے سینئر ممبر الیکشن کمیشن راجہ محمد فاروق نیاز اور سیکرٹری الیکشن کمیشن محمد غضنفر خان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ الیکشن کمیشن ایک ہی دن میں آزادکشمیر بھر میں الیکشن کرانا چاہتا ہے تاہم دستیاب سیکورٹی فورس کے ساتھ ایک ہی دن میں تمام اضلاع میں پولنگ ممکن نہیں ہے۔ سیکورٹی فورسز کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے جبکہ الیکشن کمیشن نے پولنگ میٹریل، پولنگ اسکیم ہا کی تیاری سمیت اپنے جملہ انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔ سینئر ممبر الیکشن کمیشن راجہ محمد فارو ق نیاز نے کہاکہ سیاسی جماعتوں سے بات کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے،بلدیاتی انتخابات کی تاریخوں میں رد بدل حکومت کی وجہ سے ہوتا رہا ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری الیکشن کمیشن محمد غضنفر خان نے کہاکہ الیکشن کمیشن نے 27نومبر کو ایک ہی دن میں آزادکشمیر میں بلدیاتی انتخابات کروانے کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں، حکومت کی جانب سے اس حوالہ سے فنڈز کی فراہمی اور دیگر معاونت بھی فراہم کی گئی ہے جبکہ جوڈیشل افسران بھی الیکشن ڈیوٹی پر مامور ہیں۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ الیکشن کیلئے سیکورٹی فورسز فراہم کرے اور حکومت کی جانب سے اس سلسلہ میں کوشش بھی کی گئی ہے کہ ایک ہی دن انتخابات کیلئے سیکورٹی فورسز مل جائے تاہم جو موجودہ صورتحال ہے اس میں ایک ہی دن میں تمام اضلاع میں آزادانہ منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کروانے کیلئے فورس ناکافی ہے جس کی وجہ سے الیکشن کمیشن نے ڈویژن وائز مرحلہ وار انتخابات کروانے کا فیصلہ کیاہے