سراج الحق کی دارالعلوم کراچی آمد، مفتی رفیع عثمانی کے انتقال پر تعزیت

کراچی: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق بدھ کی شب کراچی آمد کے فوراً بعد مفتی اعظم پاکستان رئیس دارالعلوم کراچی مولانا مفتی رفیع عثمانی کے انتقال پر تعزیت کے لیے دارلعلوم کراچی گئے جہاں انہوں نے مرحوم کے بھائی دارالعلوم کراچی کے مہتمم مفتی تقی عثمانی ، صاحبزادے مفتی محمد زبیر عثمانی ،داماد مفتی نعیم اشرف اور دیگر علماء کرام سے ملاقات کی اور ان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ مفتی محمد رفیع عثمانی کے انتقال سے پاکستان اور پوری امت ایک عظیم شخصیت سے محروم ہوگئی ہے ۔ان کی دینی،علمی و فکری میدان میں شاندار خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور ان کے انتقال سے پیدا ہونے والا خلاء تادیر رہے گا۔  مفتی اعظم جسمانی طور پر تو فنا ہوگئے لیکن عملی طور پر صدقہ جاریہ چھوڑ کر گئے ہیں۔

ملاقات میں جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امرا اسد اللہ بھٹو، ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، صوبائی امیر محمد حسین محنتی، امیر کراچی حافظ نعیم الرحمن، نائب امیر محمد اسحاق خان، امیر ضلع کورنگی عبد الجمیل، جمعیت اتحاد العلماء کے ناظم اعلیٰ مولانا عبد الوحید، سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری و دیگر بھی موجود تھے۔