زخمی فوجیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا، فائل فوٹو
زخمی فوجیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا، فائل فوٹو

اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے مزید 3 فلسطینی شہید

غرب اردن:مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج نے دو بھائیوں سمیت تین فلسطینیوں کو شہید کرنے کے علاوہ درجنوں کو زخمی کر دیا۔

دونوں بھائی منگل کے روز رام اللہ کے قریب کفرعین میں اسرائیلی فائرنگ میں شہید کیے گئے،جن کی شناخت 22 سالہ جواد عبدالرحمن رماوی اور21 سالہ دفرعبدالرحمن رماوی  کے نام سے ہوئی۔جبکہ تیسرا شخص بیت عمر میں اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ سے سر میں گولی لگنے سے شہید ہوا۔

فلسطینی ہلال احمر نے کہا کہ طبی ماہرین نے اسرائیلی فائرنگ سے زخمی ہونے والے 22 فلسطینیوں کا علاج کیا جن میں سے 9 کو زندہ گولیاں، پانچ کو پلاسٹک کی گولیوں اورآٹھ افراد آنسو گیس سے متاثر ہوئے۔ عینی شاہدین کے مطابق قصبے میں اسرائیلی فوج کے چھاپے کے دوران اسرائیلی فوج اور مشتعل فلسطینیوں کے درمیان پرتشدد جھڑپیں ہوئیں۔

انہوں نے بتایا کہ اسرائیلی فورسزنے جھڑپوں کے دوران براہ راست فائر، ربڑ کی گولیوں اورآنسو گیس کے کنستروں کا استعمال کیا۔

مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی فوج کی کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ رواں سال کے آغاز سے اب تک اسرائیلی فورسزکے ہاتھوں 100 سے زائد فلسطینی جاں بحق ہوچکے ہیں۔