بیوی ،3 بیٹیوں کے قاتل فواد کی سنائی گئی کہانی پرخاندان کو یقین نہیں

کراچی کی شمسی سوسائٹی میں تین بیٹیوں اور بیوی کو قتل کرنے والے مبینہ ملزم فواد کے پولیس کو دیئے گئے بیان پر خود اس کے اہل خانہ کو یقین نہیں ہے۔ خاندانی ذرائع کو شبہ ہے کہ ملزم نے کسی خاص واقعے یانشے کے زیر اثر یہ خونی کھیل کھیلا ہے ۔

خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ فواد بظاہر کسی قسم کی مالی مشکلات یا پریشانی کا شکار نہیں تھا وہ جس مصالحہ کمپنی میں سیلز کے شعبے سے وابستہ تھا وہاں اس نے حال ہی میں ٹارگٹ پورا کیا تھا جس  پر اسے کاردی گئی تھی۔
ذرائع کے مطابق خاندان کے افراد اس بات پر بھی حیران ہیں کے فواد کسی قسم کا نشہ نہیں کرتا تھا ،یہاں تک کہ پان چھالیہ سگریٹ وغیرہ بھی استعمال نہیں کرتا تھا۔اس کے باوجود ایسی وہ کون سی چیز تھی جس نے اسے اس خونی کھیل پر مجبور کیا؟

ذرائع کے مطابق اہل خانہ شبہ ظاہر کر رہے ہیں کہ کسی خاص واقعے یا نشہ آور دوا کے زیر اثر اس نے ایسا کیا ہو۔ تاہم خاندان والوں کو ملزم کی جانب سے پولیس کو سنائی گئی کہانی پر یقین نہیں جس میں اس نے کہا ہے کہ مالی پریشانی کی وجہ سے ڈپریشن میں تھا اور بیوی سے جھگڑے پر خیال میں آ کر یہ قدم اٹھایا۔

خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ فواد اور اس کی اہلیہ کے تعلقات مثالی تھے وہ اپنی تینوں بیٹیوں سے بھی بے پناہ پیار کرتا تھا ۔ذرائع کے مطابق تین شادی شدہ بھائیوں کا یہ خاندان معاشی طور پر کسی تنگی کا شکار نہیں تھا۔ خاندان کے افراد نے تین منزلہ مکان کرائے پر لے رکھا ہے جہاں والدہ گراؤنڈ فلور پر رہتی ہیں۔ جبکہ بھائی اپنے بچوں کے ساتھ الگ الگ رہائش پذیر ہیں۔

امّت سے گفتگو کرتے ہوئے مقتولین کے خاندانی ذرائع نے واردات کے ممکنہ اسباب کے حوالے سے ایک اہم بات کی نشاندہی کی ہے ، ان کا کہنا ہے کہ فواد عام طور پر شام کو گھر واپس آتا تھا تاہم منگل کو خلاف معمول وہ دوپہر ڈیڑھ بجے گھر آ گیاتھا۔ عین ممکن ہے کے اچانک پیش آنے والے کسی واقعے کی بنیاد پر اس نے ایسا کیا ہو۔ تاہم فواد کی جانب سے انویسٹرز کے قرضے اور مالی پریشانی سے متعلق  سنائی گئی کہانی سے خاندان کے لوگ لاعلم ہیں ،اس لحاظ سے قتل کی یہ ہولناک واردات فی الوقت معمہ بنی ہوئی ہے۔