صدر،وزیراعظم سے آرمی چیف جنرل عاصم منیر،جنرل ساحر شمشاد کی ملاقاتیں

اسلام آباد: پاک فوج کے نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد نے صدر عارف علوی اور وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقاتیں کی ہیں۔

ایوان صدر میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد کی عہدے سنبھالنے کے بعد صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے پہلی ملاقات ہے۔ ملاقات میں ملکی سلامتی دیگر معاملات پر گفتگو کی گئی۔

اس کے بعد نئی فوجی قیادت ایوان وزیر اعظم پہنچی جہاں انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کی۔ وزیر اعظم نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ ملاقات میں ملکی صورتحال کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

گزشتہ روز وزیراعظم کا آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے ساتھ ٹیلی فونک رابطہ ہوا تھا جس میں شہبازشریف نے نئے آرمی چیف کیلئے نیک تمناﺅں کا اظہار کیا تھا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بہادر پاکستان آرمی کے سپہ سالار کا منصب سنبھالنا بڑا اعزاز ہے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاک فوج کو آپ جیسا پیشہ ورانہ قابلیت کا حامل سربراہ ملنا اللہ تعالی کا خاص فضل ہے، پورا یقین ہے آپ کی قیادت میں آرمی کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور دفاع وطن کی قوت میں مزید اضافہ ہوگا۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مادرِ وطن کے تحفظ وسلامتی، دہشت گردی کے خاتمے سمیت سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے میں اللہ تعالی آپ کی مدد و رہنمائی فراہم فرمائے، وطن عزیز کے دفاع، سلامتی اور تحفظ کے لئے ہمارا بھرپور تعاون آپ کومیسر رہے گا۔