ایوانوں کو لوٹوں سے بھرنے کی مشق دہرائی گئی، عمران خان

زمان پارک لاہور میں یوٹیوبرز اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز سے ملاقات میں عمران خان نے کہا کہ گذشتہ 8 ماہ میں آزادیٔ اظہار پر پہرے بٹھا کر شخصی آمریت کو دوام بخشنے کی کوششیں کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ ضمیروں کی منڈی لگا کر جمہوریت کو بےآبرو کیا گیا، ایوانوں کو لوٹوں سے بھرنے کی مشق دہرائی گئی۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے مزید کہا کہ سماجی و معاشرتی اخلاق کا جنازہ نکالا گیا، حقیقی آزادی کا حصول بنیادی ہدف ہے، سمجھوتا نہیں کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاسی اور دستوری آزادیوں کا گلا گھونٹ کر اشرافیہ کے مفادات کی آبیاری کی گئی۔
عمران خان نے یہ بھی کہا کہ اعظم سواتی، شہباز گِل جیسے سیاسی کارکنان کو تختہ مشق بنایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ نیب تباہ اور مجرموں کےلیے ریاست نے این آر او دوئم کے ذریعے عام معافی کا اعلان کیا۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ محنت سے ترقی کی راہ پر ڈالی گئی معیشت کو تباہی کے پاتال میں اتار دیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ قوم کی حقیقی آزادی کے لیے کھڑا ہوں، عوام میرے ساتھ مل کر آمرانہ بندوبست سے نبرد آزما ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ غلامی سے نجات اور حقیقی آزادی کا حصول بنیادی اہداف ہیں، سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ وقت اور وسائل ضائع کرنے کے بجائے ریاست ووٹ کی پرچی سے قوم کو مستقبل کے انتخاب کا موقع دے۔