دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے انگلینڈ کے دو کھلاڑیوں اور ایک پاکستانی کھلاڑی کو نومبر 2022 کے مینز پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ کے لیے شارٹ لسٹ کرلیا گیا۔
انگلینڈ کے جوز بٹلر
انگلش کرکٹ ٹیم کو ٹی20 ورلڈکپ جتوانے والے کپتان جوز بٹلر کو بھارت جیسی مضبوط سائڈ کیخلاف سیمی فائنل میں 49 گیندوں پر 80 بنانے اور ایلکس ہیلز کے ساتھ 170 سے زائد رنز کی اوپننگ شراکت داری کرنے پر نامزد کیا گیا ہے۔
انہوں نے ایونٹ میں 207 رنز بنائے جس میں 2 نصف سنچریاں بھی شامل تھیں۔
ایونٹ کے فائنل میں پاکستان کیخلاف بھی انہوں نے جارحانہ آغاز فراہم کیا تھا اور شاندار کپتانی کرتے ہوئے قومی ٹیم کو محض 137 رنز تک محدود رکھا تھا۔
انگلینڈ کے عادل راشد
ٹی20 ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے کے پہلے تین میچوں عادل راشد کی پرفارمنس پر سوالیہ نشان تھے تاہم آخری تین میچوں میں انہوں نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کو میگا ایونٹ کی ٹرافی جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔
لنکن ٹائیگرز کے خلاف راشد نے 4 اوورز میں 16 رنز دیکر ایک وکٹ کا شاندار اسپیل کروایا اور پلیئر آف دی میچ کی کارکردگی پیش کی۔
بھارت کے خلاف سیمی فائنل میں، عادل راشد نے حریف ٹیم کے سوریہ کمار یادیو سے چھٹکارا حاصل کیا اور اپنے 4 اوورز میں صرف 20 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی جبکہ فائنل میں پاکستان کیخلاف محمد حارث اور بابر اعظم کو یکے بعد دیگرے آؤٹ کر کے گرین شرٹس کو بڑے دھچکے دیئے، اپنے 4 اوورز کے کوٹے میں انہوں نے 22 رزن کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پاکستان کے شاہین آفریدی
شاہین آفریدی انجری سے واپس آکر ٹی20 ورلڈکپ میں پاکستان 14.09 کی اوسط اور 6.15 کی اکانومی ریٹ کے ساتھ 11 شکار کیے تاہم فائنل میں وہ مزید بالنگ نہ کرواسکے جو میچ کا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا۔
ان کی بہترین کارکردگی سپر 12 مرحلے کے بنگلہ دیش کے خلاف مقابلے میں سامنے آئی، بائیں بازو نے تیز رفتار 4 اوورز کے اسپیل میں22 رنز دیکر 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دیکھائی اور پلیئر آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا۔
شاہین نیوزی لینڈ کے خلاف سیمی فائنل میں بھی شاندار رہے، انہوں نے چار اوورز میں صرف 24 رنز دے کر فن ایلن اور کین ولیمسن کی اہم وکٹیں حاصل کیں۔