کراچی ( اسٹاف رپورٹر )کراچی میں جاپانی قونصل کے ایک وفد نے حا ل ہی میں قونصل جنرل اوڈاگیری توشیو سان کی سربراہی میں سینٹرل ڈپازٹری کمپنی آف پاکستان (CDC) کا دورہ کیا اور ایک تقریب میں شرکت کی۔ تقریب میں پاکستان جاپان بزنس فورم کے نمائندوں اور ملک کے معروف کارپوریٹس نے بھی شرکت کی۔اس موقع چیئرمین سی ڈی سی معین ایم فُدا نے جاپانی وفد کا استقبال کیا اور جاپان اور پاکستان کے مابین طویل المدّتی دوطرفہ تعلقات اور دونوں ممالک کے درمیان زیادہ سے زیادہ کاروباری اور تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔اس موقع پر سی ڈی سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسربدیع الدین اکبر نے سی ڈی سی اور جاپانی کیپیٹل مارکیٹ میں سی ڈی سی کی ہم منصب جاپان سیکیورٹیز ڈپازٹری سینٹرانکارپوریٹڈ(JASDEC) کے درمیان تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے پاکستانی کیپیٹل مارکیٹ کے منظر نامے کا ایک جائزہ پیش کیااور ایک انٹیگرل انفرااسٹرکچر انسٹی ٹیوشن کے طورپر اس کی ترقی میں سی ڈی سی کے کلیدی کردار پر روشنی ڈالی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جاپانی قونصل جنرل اوڈاگیری توشیو سان نے پاکستانی کیپیٹل مارکیٹ میں کامیابی سے مثبت تبدیلیا ں لانے میں سی ڈی سی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے مفاد کیلئے دونوں ملکو ں کومزید قریب آنے کی ضرورت ہے۔دونوں ممالک کو زیادہ موئثر پبلک پرائیوٹ شراکت داری کے ذریعے مستقبل کے بڑے منصوبوں کیلئے مہارت اور ٹیکنالوجی کو اکٹھا کرنا چاہیے۔اس موقع پر پاکستان جاپان بزنس فورم (PJBF)کے چیئر مین کلیم فاروقی نے بھی پاکستان کی کیپیٹل مارکیٹ کی ترقی میں سی ڈی سی کی کوششوں کو سراہااور اس بات پر روشنی ڈالی کہ سی ڈی سی پاکستان کے کاروباری منظر نامے کیلئے ایک کامیاب اسٹوری ہے۔ انہوں نے باہمی تعاون اور پیش رفت کیلئے پاکستان اور جاپان کے درمیان تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کی کوششوں کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر چیئرپرسن پاکستان اسٹاک ایکسچینج ڈاکٹر شمشاد اختر، میزان بینک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عرفان صدیقی سمیت ممتاز انڈسڑی لیڈرز بھی موجود تھے۔