ہماچل پردیش انتخابات ، بی جے پی کو کانگریس کے ہاتھوں شکست

گجرات(اُمت نیوز)بھارتی ریاست گجرات کے ریاستی انتخابات میں بھارتی وزیراعظم مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی نے اکثریت حاصل کر لی جبکہ ریاست ہماچل پردیش میں کانگریس نے بی جے پی کو ہرا دیاہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گجرات میں ریاستی اسمبلی کے انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی نے 156 نشستوں پر برتری حاصل کرلی، اپوزیشن جماعت کانگریس کو 17 اور عام آدمی پارٹی کو 5 نشستوں پر کامیابی ملی۔
کامیابی کے بعد بی جے پی نے گجرات کے وزیراعلیٰ بھوپندرا پٹیل کو دوسری مدت کے لیے وزیراعلیٰ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
گجرات میں بھارتی وزیراعظم مودی کی جماعت 1995 سے مسلسل کامیابی حاصل کر رہی ہے، نریندرمودی 2014میں بھارتی وزیراعظم بننے سے پہلے 13 سال گجرات کے وزیراعلیٰ رہے تھے۔
دوسری طرف ہماچل پردیش میں ہونے والے انتخابات میں کانگریس نے 40 نشستوں کے ساتھ کامیابی حاصل کرتے ہوئے بی جے پی کو مات دی، بی جے پی 25 نشستیں لے کر دوسرے نمبر پر ہے جبکہ 3 نشستیں آزاد امیدواروں کو ملیں۔