ای سی سی کا ریکوڈک سے متعلق 2 منصوبوں کی منظوری

اسلام آباد(اُمت نیوز)وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیرصدارت ای سی سی کا اجلاس ہوا، جس میں ریکوڈک سے متعلق 2 منصوبوں کی منظوری دے دی گئی، منصوبوں کی منظوری سے ریکوڈیک منصوبے پر جلد کام شروع ہو سکے گا۔
ای سی سی نے اجلاس میں وفاقی اور بلوچستان حکومت کی طرف سے ریکوڈیک منصوبے سے متعلق بین الاقومی کمپنیوں کے کنسورشیم کے ساتھ عدالت سے باہر معاہدے کی منظوری دے دی۔
اس معاہدے کے تحت وزارت خزانہ نے گورنمنٹ ہولڈنگ پاور کمپنی، او جی ڈی سی ایل اور پی پی ایل کو ہدایت کی ہے کہ 15دسمبر تک سود سمیت 2 کروڑ 27 لاکھ18 ہزار 173 ڈالر کی ادائیگی کر دی جائے۔
اعلامیے کے مطابق مزید یہ کہ گورنمنٹ پاور ہولڈ نگ کمپنی کی طرف سے 65 ارب روپے کے حاصل کردہ قرض میں مزید 85 لاکھ 19ہزار 314 ڈالر بلوچستان حکومت کے حصے کا انتظام کرے، اس قرض کی حکومت نے گارنٹی دی ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ 2 روز قبل سپریم کورٹ نے ریکوڈک منصوبے سے متعلق صدارتی ریفرنس پر اپنی رائے دیتے ہوئے ریکوڈک منصوبے کو قانونی قرار دیا تھا۔