90 سالہ خاتون نے 71 سالوں بعد گریجویشن ڈگری حاصل کر لی۔ جوئس دیفیو نامی خاتون نے 1951 میں الینوائے یونیورسٹی میں معاشیات کی ڈگری حاصل کرنے کیلئے ایڈمیشن لیا، لیکن قسمت میں کچھ اور ہی لکھا تھا، ان کی ملاقات چرچ میں ایک نوجوان سے ہوئی جن سے ان کو محبت ہو گئی۔
خاتون نے بتایا کہ انہوں نے تین سال پڑھائی کی لیکن جیون ساتھی سے ملنے کے بعد انہوں نے پڑھائی چھوڑ دی اور اپنی نئی زندگی کا آغاز کیا، 1955 میں پہلی شادی کی، جن سے ان کے تین بچے ہوئے لیکن پانچ سال بعد ان کے پہلے شوہر دنیا چھوڑ گئے جس کے بعد انہوں نے دوسری شادی کر لی۔
زندگی کا پہیہ گھومتا چلا گیا اور زندگی کے 70 سال بیت گئے، سب کچھ پورا تھا لیکن پڑھائی کا خواب ادھورا تھا جسے ان کے پوتے پوتیوں نے پورا کیا، اور انہیں واپس تعلیم کی طرف بھیجا۔
اور 71 سال بعد وہ اپنی گریجویشن ڈگری حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئیں، ڈگری وصول کرتے ہوئے جہاں ان کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہیں تھا وہیں ہال میں بھی تالیوں کی گونج تھمنے کا نام نہیں لے رہی تھی۔