خواتین حکومتی وزرا اورمولانا عبدالاکبر چترالی میں جھڑپ

اسلام آباد(اُمت نیوز)حنا ربانی کھر کو کابل بھیجنے کا اچھا اثر نہ ہونے کے بیان پر قومی اسمبلی میں جماعت اسلامی کے مولانا عبدالاکبر چترالی اور خواتین حکومتی وزرا میں جھڑپ ہوئی۔
وزیراطلاعات مریم اورنگزیب، وزیر ماحولیات شیری رحمان اور شازیہ مری کا عبدالاکبر چترالی سے تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ حنا ربانی کھر ہماری وزیر مملکت ہیں، انہوں نے کابل میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ عبدالاکبر چترالی نے کیوں کہا کہ وہ خاتون ہیں ان کے جانے سے کوئی فرق نہیں پڑا۔
شازیہ مری نے کہا کہ مولانا عبدالاکبر نےحنا ربانی کھر کے دورہ افغانستان کے متعلق بیان دیا، عبدالاکبر چترالی کا دورے کا اچھا تاثر نہ جانے کا بیان انتہائی غلط ہے، یہ تنگ نظری کی سوچ ہے، ایک عورت نے افغانستان کا دورہ کیا اور چمن واقعہ ہوگیا، بہت ہوگیا ہم اس قسم کی بیان بازی برداشت نہیں کریں گے۔
بعد میں عبدالاکبر چترالی نے معافی مانگ کر اپنے الفاظ واپس لے لیے۔