کراچی(امت خاص) فیفا ورلڈ کپ میں مراکش کی ٹیم نے اپنی شاندار کارکردگی سے سب کو حیران کر دیا۔۔ یاسین بونو نے اب تک مخالف ٹیم کے فٹبالرز کو ایک بھی گول نہیں کرنے دیا۔ اگر ایسا کہا جائے کہ اس ورلڈ کا اسٹار کھلاڑی اور مراکش کی کامیابی کے پیچھے جو دو مضبوط ہاتھ ہیں وہ ان کے گول کیپر یاسین بونو کے ہیں تو غلط نہ ہوگا، یاسین بونو کو شائقین ‘بونو’ کے نام سے پکارتے ہیں۔
مراکش اب تک ورلڈ کپ میں پانچ میچوں میں میدان میں اتر چکی ہے، اور کوئی بھی ٹیم ان کو شکست نہیں دے سکی، یہاں تک کے اسٹار فٹبالر رونالڈو کی ٹیم بھی مراکش کے سامنے بری طرح فلاپ ہو کر ورلڈ کپ سے ہی باہر ہو گئے۔
ورلڈ کپ میں مراکش کا پہلا میچ کروشیا کے خلاف ہوا، جس میں کوئی بھی ٹیم کوئی گول نہ کر سکی، اور میچ برابری پر ختم ہوا، دوسرے میچ میں مراکش بیلجیئم کے خلاف میدان میں اتری اور دو ، صفر سے جیت حاصل کی۔ تیسرا میچ کینیڈا کے خلاف ہوا جس میں، ایک کے مقابلے میں دو گول سے مراکش کو فتح نصیب ہوئی، لیکن کینیڈا کا یہ ایک گول بھی مراکش نے خود اپنے خلاف کیا۔
بونو کی نمایا کارکردگی سپین کے خلاف نظر آئی جب انہوں نے پنلٹی شوٹ آؤٹ میں ایک بھی گول نہیں ہونے دیا، اور مراکش صفر کے مقابلے تین گول سے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی۔ کوارٹر فائنل میں مراکش کا سامنا رونالڈوکی ٹیم پرتگال سے ہوا، جسے مراکش نے صفر کے مقابلے ایک گول سے شکست دی۔
تو فیفا ورلڈ کپ میں اب تک مراکش کے گول میں کوئی بھی کھلاڑی اپنی بال ڈالنے میں کامیاب نہیں ہو سکا ہے، جس کے آگے بونو چٹان کی طرح کھڑے دکھائی دیتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ مراکش کی کامیابی کا سہرا گول کیپر بونو کے سر دیا جا رہا ہے۔
31 سالہ گول کیپر یاسین بونو نے پرتگال کے خلاف فتح کے بعد کہا کہ مراکش دنیا کی کسی بھی ٹیم کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہے، سیمی فائنل میں بھی اور اس کے بعد کے مقابلے میں بھی۔
بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق گول کیپر بونو نے اپنے کریئر کا ایک اہم حصہ اسپین میں گزارا ہے اور وہ سیویا فٹ بال کے گول کیپر رہے ہیں۔ بونو کو سنہ 2022 میں فرانس کی یاسین ٹرافی سے نوازا گیا تھا۔ یہ ایوارڈ دنیا کے بہترین گول کیپر کو دیا جاتا ہے۔ جو روس کے گول کیپر لیو یاسین کے نام سے شروع کیا گیا تھا۔ یہ اعزاز حاصل کرنے کے بعد انھیں دنیا کا نواں بہترین گول کیپر بھی قرار دیا گیا ہے۔
بونو کو 22-2021 کے سیزن کے لیے اسپین کی زمورا ٹرافی سے بھی نوازا گیا، اسپین میں یہ ایوارڈ اس گول کیپر کو دیا جاتا ہے جو ایک سال میں سب سے کم گول ہونے دیتا ہے۔