لاہور:مشیر داخلہ و اطلاعات پنجاب اور سابق گورنر عمر سرفراز چیمہ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کو اونٹ کے منہ میں زیرے کے مترادف قرار دے دیا۔
اپنے ایک پیغام میں عمرسرفراز چیمہ کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکومت قوم کیساتھ مذاق بند کرے، پٹرول کی قیمت 75 روپے اضافہ کر کے 10 روپے کم کرنا نرا ڈرامہ ہے، عمران خان کے دور حکومت میں عالمی سطح پر برینٹ آئل کی قیمت 113 ڈالر تھی، پاکستان میں پٹرول 150 روپے فی لیٹر تھا، آج برینٹ آئل کی عالمی قیمت 79 ڈالر ہے جبکہ امپورٹڈ حکومت 215 روپے فی لیٹر پٹرول دے رہی ہے۔
انہوں نے وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شہباز، زرداری حکومت نے ملکی معیشت تباہ و برباد کر کے رکھ دی ہے، قیامت خیز مہنگائی سے سفید پوش طبقہ کی زندگی اجیرن بن کر رہ گئی ہے۔
مشیر داخلہ و اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکومت کی نااہلی کی بدولت لاکھوں افراد ملازمت سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، مسلط ٹولے کی بربادیوں کی بدولت لاکھوں پاکستانی ملک چھوڑ چکے اور لاکھوں ملک چھوڑنے کی کوشش میں ہیں۔