کالعدم ٹی ٹی پی نے سرحد پار محفوظ پناہ گاہیں تلاش کرلیں،بلاول بھٹو

نیویارک(امت نیوز)وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ کالعدم ٹی ٹی پی اور دیگر دہشت گرد تنظیموں کے خلاف آپریشن سے پاکستان کی سرزمین دہشت گردوں سے پاک ہوگئی ہے مگر بدقسمتی سے کالعدم ٹی ٹی پی کو سرحد پار محفوظ پناہ گاہیں مل گئی ہیں

نیویارک میں سانحہ آرمی پبلک اسکول کی آٹھویں برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ آرمی پبلک اسکول پشاور پر حملے میں  132 بچے اور 8 اساتذہ و اسٹاف ارکان شہید ہوئے، دہشت گرد حملے کی ذمہ داری کالعدم ٹی ٹی پی نے قبول کی۔ٹی ٹی پی کو سلامتی کونسل اور دیگر رکن ممالک نے دہشت گرد تنظیم قرار دیا ہوا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ  ٹی ٹی پی اور دیگر دہشت گرد تنظیموں کے خاتمے کیلیے عالمی برادری کا عزم ضروری ہے۔