سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر کام شروع ہوا ہے،ابھی بات چلے گی،پرویزالہیٰ

 لاہور (امت نیوز)وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری  پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ وہ  عمران خان کے فیصلے سے مطمئن تھے۔ عمران خان کے ساتھ ان کی  پرانی سپورٹ رہی ہے، سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر ابھی تو کام شروع ہوا ہے ابھی بات چلے گی۔ پنجاب اسمبلی عمران خان کی امانت اور یہ امانت انہیں واپس کردی

ق لیگ کے رہنما چوہدری پرویز الہیٰ ، سابق وفاقی وزیر مونس الہیٰ اور ایم این اے حسین الہیٰ نے  زمان پارک  میں عمران خان سے ملاقات کی۔ملاقات میں وزیر اعلی خیبر پختونخوامحمود خان، شاہ محمود قریشی، اسد عمر، فواد چوہدری، پرویز خٹک، شبلی فراز، علی امین گنڈاپور اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

دونوں جماعتوں کے درمیان ملاقات میں اسمبلی کی تحلیل کے حوالے سے مشاورت ہوئی اور طے پایا کہ عمران خان پنجاب اور خیبرپختونخوا کے وزرائے اعلی کو ساتھ بٹھا کر اسمبلیاں تحلیل کرنے کے فیصلے کا اعلان کریں گے

اس موقع پر چوہدری پرویز الہی نے کہا کہ عمران خان کے ہر فیصلے کا ساتھ دیں گے، پنجاب اسمبلی عمران خان کی امانت ہے اور یہ امانت انہیں واپس کر دی ہے۔

پرویزالہی نے مزید کہا کہ عمران خان نے مخالفین کی سیاست کو زیرو کر دیا، افواہیں پھیلانے والے پہلے کی طرح اب بھی ناکام رہیں گے۔ مونس الہی نے کہا کہ عمران خان کی آواز پر لبیک کہیں گے، ہمارا اتحاد پہلے سے زیادہ مضبوط ہے