لکی مروت ، دہشتگردوں کا تھانے پر حملہ، 4 پولیس اہلکار شہید

پشاور(اُمت نیوز)لکی مروت میں دہشت گردوں نے رات گئے تھانہ برگی پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 4 پولیس اہلکار شہید اور 4 اہلکار زخمی ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، دہشت گردوں نے ہینڈ گرینڈ اور راکٹ سے تھانے پر حملہ کیا۔
پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے میں پولیس کا سرچ آپریشن جاری ہے۔
شہید ہونے والوں میں محرر ہیڈ کانسٹیبل ابراہیم، کانسٹیبل عمران، کانسٹیبل خیرالرحمن اور کانسٹیبل سبز علی شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں اہلاکر گل صاحب خان، کانسٹیبل بلقیاز، کانسٹیبل امیر نواز اور فرمان اللہ شامل ہیں۔
اس علاقے میں گزشتہ روز دو افراد کو ذبح کرکے قتل کیا گیا تھا جبکہ گزشتہ مہینے بھی 6 پولیس اہلکاروں کو تھانہ ڈاڈیوالہ کی حدود میں شہید کیا گیا تھا۔

لکی مروت حملہ ،شہیداہلکاروں کی نمازِ جنازہ ادا

خیبر پختون خوا کے ضلع لکی مروت میں دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے 4 اہلکاروں کی نمازِ جنازہ پولیس لائن میں ادا کر دی گئی۔
شہید پولیس اہلکاروں کی نمازِ جنازہ میں لکی مروت کے ڈی پی او اور ڈپٹی کمشنر شریک ہوئے۔لکی مروت کے آر پی او سید اشفاق انور نے شہداء کے لواحقین سے ملاقات کی ہے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا آخری دم تک پیچھاکریں گے، واقعے میں ملوث افراد کو قانون کی گرفت میں لائیں گے۔
آر پی او لکی مروت سید اشفاق انور نے یہ بھی کہا کہ پولیس کے شہداء قوم کا فخر ہیں، جن کی قربانی رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔
وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان نے لکی مروت میں تھانے پر ہونے والے حملے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
پشاور سے جاری کیے گئے بیان میں خیبر پختون خوا کے وزیرِ اعلیٰ محمود خان نے کہا کہ لکی مروت میں دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ واقعہ انتہائی افسوس ناک ہے، شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان نے حکام کو زخمی پولیس اہلکاروں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔