سول ایوی ایشن اتھارٹی کی عوامی شکایات کےازالےکیلئے ای کچہری کاانعقاد

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے عوام کی شکایات کے ازالے کے لیے 29ویں ای کچہری کا انعقاد کیا۔ ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی،خاقان مرتضیٰ نے ای کچہری کی صدارت کی اور ملک بھر کے ہوائی اڈوں سے متعلق سوالات سنے۔

ایڈیشنل ڈی جی سی اے اے، ڈی ڈی جی سی اے اے، ڈائریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ اینڈ اکنامک ریگولیشنز، ڈائریکٹر ایئرپورٹ سروسز، ڈائریکٹر ایچ آر، ڈائریکٹر فلائٹ اسٹینڈرڈ، ڈائریکٹر ایس کیو ایم ایس، ڈائریکٹر آپریشنز، ڈائریکٹر پرسنل لائسنسنگ بھی ای کچہری میں ڈی جی سی اے اے کے ہمراہ تھے۔

ای کچہری کے دوران تقریباً 54 سوالات/مسائل موصول ہوئے۔ ان میں ملک کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر لوگوں کے ساتھ کار لفٹنگ کنٹریکٹرز کے عملے کا ناروا سلوک، ملک کے بڑے بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر ملاقات اور معاونت کی سہولیات کی فراہمی، اسکردو ہوائی اڈے پر بین الاقوامی پروازوں سے متعلق سوالات اور گوادر کے آپریشنل ہونے سے متعلق سوالات شامل تھے۔

 علاوہ ازیں سی اے اے میں تازہ ترین بھرتیوں اور انٹرویوز کو حتمی شکل دینے، سول کنٹریکٹرز کی زیر التوا ادائیگی سے متعلق شکایات ومسائل، سیرین ایئر کے خلاف سامان کے گمشدہ اور خراب ہونے کی شکایات، ایف آئی اے کی جانب سے تھائی لینڈ کو انسانی اسمگلنگ میں کمی، امیگریشن کے عمل کے دوران مسافروں کے ساتھ ایف آئی اے امیگریشن حکام کی جانب سے بدتمیزی، سردیوں کے موسم میں فیصل آباد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے کنکورس ہال میں ناکافی سہولیات، سعودی ائیرلائن کے ذریعے آنے والے ڈی پورٹی مسافروں کے سامان کا گم یا چوری ہوجانا، کراچی لاہور اسلام آباد سیکٹر کے لیے پی آئی اے کی ڈومیسٹک پروازوں کی بار بار منسوخی، کوئٹہ انٹرنیشنل ائرپورٹ کے ملازمین کے لئے سی اے اے ویلفیئر کینٹین کی فراہمی کے مسائل، مختلف PCAA کنٹریکٹرز اور CAA ملازمین کے لیے کام کرنے والے ملازمین سے متعلق کم از کم اجرت کے مسائل اور بھرتی کے مسائل شامل تھے

۔ ڈائریکٹر جنرل، PCAA نے موقع پر ہی زیادہ تر سوالات کے جوابات دیئے اور متعلقہ حلقوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے متعلقہ ڈومینز سے متعلق معاملات کو میرٹ پر جلد از جلد حل کریں اور اس بات پر بھی زور دیا کہ مسائل کے نمٹانے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ عوام نے اپنی شکایات کے حل کے لیے پی سی اے اے کے اقدام کو سراہا۔ ای کچہری کو PCAA کے آفیشل فیس بک پیج پر لائیو سٹریم کیا گیا۔