خضدار: خضدار میں یکے بعد دیگر 2 دھماکوں کے نتیجے میں 20 افراد زخمی ہوگئے، پیر کو خضدار میں یکے بعد دیگر 2دھماکے عمر فاروق چوک روڈ پر ہوئے جس کے نتیجے میں 15 افراد زخمی ہوگئے جن میں 4افراد کی حالت تشویشناک ہے، دھماکے کی آواز سنتے ہی پولیس اور لیویز نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لیکر شواہد اکھٹا کرلئے، پولیس نے زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کر دیا، دوسرا دھماکا موٹرسائیکل میں ہوا۔ بھاگ کے محلہ غریب آباد میں نامعلوم ملزمان کی جانب سے کریم بخش نامی شخص کے گھر پر دستی بم پھینکا گیا جو گھر کے صحن میں گر کر پھٹ گیا جس سے گھر کو نقصان پہنچا تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، مقامی انتظامیہ نے اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے خضدار بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کی بذدلانہ کارروائی میں معصوم شہریوں کے زخمی ہونے پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، وزیر اعلیٰ نے خضدار کے اسپتالوں میں ایمرجنسی کے نفاذ اور زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کی ہدایت کی ہے ، انہوں نے کہا ہے کہ بے گناہ لوگوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے والے ملک، قوم اور قبائل کے دشمن ہیں، کوئی بھی مذہب اور معاشرہ خون ناحق بہانے کی اجازت نہیں دیتا، وزیراعلیٰ نے پولیس اور انتظامیہ کو واقعے میں ملوث عناصر اور سرپرستوں کو قانون کی گرفت میں لا نے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے، انہوں نے ہدایت کی ہے کہ خضدار شہر اور قومی شاہراہ کی سیکیورٹی میں اضافہ کیا جائے، عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت اور متعلقہ اداروں کی اولین ذمے داری ہے جس میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے، دہشت گردوں کا پیچھا کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے، وزیراعلیٰ نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔