لاہور(امت نیوز) سابق صدر آصف زرداری کے ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت سے رابطوں کے نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے۔ پنجاب کی وزارت اعلیٰ پیپلزپارٹی کو دیئے جانے کا امکان ہے۔ جبکہ اتفاق رائے کی صورت میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے امیدوار ن لیگ سے ہوں گے
گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ ، اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان اور ڈپٹی اسپیکر واثق قیوم کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع ہونے کے بعد آصف زرداری، چوہدری شجاعت حسین اور مسلم لیگ ن کے درمیان رابطے تیز ہوگئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف علی زرداری پیپلز پارٹی کو وزارت اعلیٰ دلوانے کیلئے سرگرم ہیں اور انہوں نے اپنے امیدوار کے حق میں جوڑ توڑ کیلئے سیاسی شخصیات سے رابطے تیز کردیے ہیں۔
ذرائع کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والی اہم سیاسی شخصیات کو پی ٹی آئی میں نقب لگانے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایاکہ سابق صدر نے وزارت اعلیٰ کیلئے 3 ناموں پر غور شروع کر دیا اور ان امیدواروں میں سید حسن مرتضیٰ، سید علی حیدر گیلانی اور عثمان محمود کے نام شامل ہیں تاہم حتمی نام کا فیصلہ آصف زرداری، چوہدری شجاعت اور نواز شریف کی باہمی رضامندی سے ہو گا۔