لاہور(امت نیوز) کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کی اسٹینڈنگ کمیٹی نے صدر کاظم خان کی زیر صدارت اجلاس میں میڈیا سے متعلق موجودہ حکومتی پالیسیوں کو سابق حکومت کا تسلسل قراردیتے ہوئے افسوس کا اظہارکیا ہے۔ اس سلسلے میں سی پی این ای کے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ آزادی صحافت پر قدغن لگانے کے نتائج ماضی میں سقوط ڈھاکہ کی شکل میں برآمد ہوئے ہیں لہٰذا ملک کو مزید کسی سانحہ سے بچانے کے لیے آئین کے مطابق حقائق اور تاریخ پر اظہار رائے کی مکمل آزادی ہونی چاہئے۔ اجلاس میں ملک کو درپیش مالی بحران کی وجہ سے پرنٹ میڈیا انڈسٹری کے بندش کے دھانے پر پہنچ جانے کی صورت حال پرشدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایک قرارداد میں وفاق اورصوبائی حکومتوں سے اخباری اداروں کے سرکاری اشتہارات کی مد میں واجبات کی ادائیگیوں، اشتہاراتی ایجنسیوں سے بقایاجات کی فوری وصولی اور سرکاری اشتہارات کی تقسیم کا عمل منصفانہ اور شفاف بنانے کا مطالبہ کیا گیا۔
اجلاس میں میڈیا اداروں اور اظہارکی آزادی کی صورت حال، پرنٹ میڈیا کے معاشی حالات سمیت تنظیمی امور پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے میڈیا پر مسلط کالے قوانین کی مذمت کرتے ہوئے ایک قرارداد میں جبر کے ان ضابطوں کو سابقہ حکومت کی پالیسیوں کا تسلسل کہا گیا۔ اجلاس کے شرکاء نے کہا کہ جمہوریت پسندی کے بلند و بانگ دعوئوں اور اظہار کی آزادی کے حق کی فراہمی کی تمام یقین دہانیوں کے باوجودپریس کی آزادی سلب کرنے کے معاملے میں حکمران اور اپوزیشن جماعت اپنے دور اقتدار میں ایک روش پر گامزن نظرآتی ہیں۔ انہوں نے موجودہ حکومت سے فی الفور پیکا اور دیگر صحافت کش قوانین کے خاتمے کا پر زور مطالبہ بھی کیا۔ اسٹینڈنگ کمیٹی کے اجلاس میں عوام کے لئے اطلاعات و معلومات کی رسائی کے ضمن میں ہر آزمائش کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہوئے عوام کی ازادی رائے کی آزادی کے بنیادی حق کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا۔ اجلاس میں محکمہ ڈاک کی جانب سے جرائد و رسائل کی بیرون ملک ترسیل کے نرخوں میں چار سو فیصد اضافہ کرنے پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا ۔
پرنٹ میڈیا کو درپیش انتہائی مشکل حالات میں محکمہ ڈاک کا یہ اقدام جرائد و رسائل کی ساکھ اور پرنٹ میڈیا کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے، محکمہ ڈاک اس اضافے کو فوری واپس لے۔ اجلاس میں نئی رکنیت کی درخواستوں پر بھی تفصیلی غور کے بعد روزنامہ کراچی 21 کراچی، روزنامہ سندھ امڑ کراچی، ماہنامہ زاویہ نگاہ کراچی، روزنامہ آج صبح پشاور، روزناہ آواز صبح پشاور، روزنامہ 92 نیوز پشاور، روزنامہ شمل سوات، روزنامہ عظمت لاہور، روزنامہ دفاع لاہور، روزنامہ حسب زوق لاہور، روزنامہ عبادت رحیم یار خان، روزنامہ اتفاق رائے بہاولپور، روزنامہ تعبیر بہاولپور، روزنامہ معاشرت قصور، روزنامہ قابوس ملتان، روزنامہ سلطنت گجرانوالا اور روزنامہ ضرب آہن فیصل آباد کی پبلی کیشن کے ایڈیٹرز کو ایسوسی ایٹ رکنیت دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں سینئرنائب صدر ایاز خان، سیکریٹری جنرل عامر محمود، نائب صدور ڈاکٹرجبار خٹک، ارشاد احمد عارف، عارف بلوچ، فنانس سیکریٹری غلام نبی چانڈیو، انفارمیشن سیکریٹری ڈاکٹر زبیر محمود، جوائنٹ سیکریٹریز ضیا تنولی، انور ساجدی، یحیی خان سدوزئی، سنیئر اراکین اعجاز الحق، سردار خان نیازی، جمیل اطہرقاضی، حامد حسین عابدی، عبدالخالق علی، سجاد عباسی ، تنویر شوکت، عبدالرحمان منگریو، ذوالفقار احمد راحت، محمد اکمل چوہان، بشیر احمد خان، بشیر احمد میمن، احمد شفیق، منزہ سہام، وقاص طارق فاروق، محمود عالم خالد، سید فرزند علی، محمد اویس رازی، محمد طاہر، شیر محمد کھاوڑ، ندیم بسرا اور و دیگر نے شرکت کی۔