کراچی (اسٹاف رپورٹر) پی آئی اے کی لاہور آنے والی پروازیں اسلام آباد آپریٹ ہوں گی ۔ تفصیلات کے مطابق پی آئی اے نے لاہور ائیرپورٹ پر دھند اور حد نگاہ کم ہونے پر فیصلہ کیا ہے کہ لاہور ائیرپورٹ پر رات 10 تا دن 11 بجے کے درمیان آپریٹ ہونے والی بین الاقوامی پروازیں کو اسلام آباد منتقل کردی جائیں گی ۔
پروازوں کی منتقلی فضائی حفاظت اور مسافروں کو طویل انتظار کی کوفت سے بچانے کے تناظر میں کی گئی ہے ،ترجمان پی آئی اے نے کہا کہ رات 10 تا دن 11 بجے کی درمیان کی پروازیں کی منتقلی عارضی ہے اور دھند کی صورتحال بہتر ہوتے ہی واپس کردی جائے گی ۔ترجمان نے واضح کیا کہ لاہور سے بیرون ملک روانگی کی پروازوں کو بھی اسلام آباد منتقل کیا جائے جبکہ بیشتر پروازیں ری شیڈول کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، مذکورہ پروازوں کی منتقلی پر عمل درآمد آج رات سے کردیا جائے گا ۔
مسافروں اور ان کو ائیرپورٹ پک یا ڈراپ کرنے والے افراد سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ پروازوں سے متعلق بروقت معلومات کیلئے پی آئی اے کال سینٹر 786 786 111 سے رجوع کریں ۔ترجمان پی آئی اے نے کہا کہ ٹکٹ بکنگ کے وقت اپنا درست نمبر ضرور ریکارڈ کروائیں تاکہ مسافروں کو بذریعہ کال یا ایس ایم ایس پروازوں کے اوقات میں ردوبدل سے متعلق بروقت معلومات مہیا کی جاسکے۔