گورنر پنجاب نے اسپیکر پنجاب اسمبلی کی رولنگ مسترد کردی

لاہور(امت نیوز)گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان کی وزیراعلیٰ کو اعتماد کا ووٹ لینے سے متعلق رولنگ مسترد کردی۔

   گورنر پنجاب نے اسپیکر پنجاب اسمبلی کی رولنگ کا جواب دیتے ہوئے آرٹیکل 130 کی شق 7 کے تحت حکم نامہ جاری کردیا۔

گورنر پنجاب کی جانب سے اسپیکر کی رولنگ مسترد کرنے سلسلے میں مراسلہ بھی جاری کردیا ہے۔

گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے اسپیکر سبطین خان کی رولنگ کے جواب میں 3 صفحات پر مشتمل جواب دیا جس میں گورنر کی جانب سے اسپیکر کی کل کی رولنگ کو غیر آئینی اور غیر قانونی قرار دیا گیا ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ آپ نے آئین کے تحت حلف اٹھایا ہے آپ اس سے انحراف نہیں کرسکتے جب کہ آئین کا دفاع اور قانون کی پاسداری اسپیکر کی ذمہ داری ہے۔

بلیغ الرحمان نے کہا کہ اسپیکر آئینی ذمہ داری کی ادائیگی کیلئے ذاتی پسند کو ملحوظ خاطر نہ رکھیں کیوں کہ آئین کے مطابق اسپیکر، ایمانداری اور غیر جانبداری سے آئینی ذمہ داریاں ادا کرنے کے پابند ہیں۔

خیال رہے کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی سردار محمد سبطین خان گورنر پنجاب کے مس کنڈکٹ کے خلاف صدر پاکستان کو گورنر کی تبدیلی کیلئے خط لکھنے کا کہا تھا۔

ذرائع کے مطابق خط میں استدعا کی جائے گی کہ گورنر صدر کا نمائندہ ہے اسے آئین شکنی پر مبنی اقدامات سے روکا جائے۔